ایک نامحرم کبھی دوست نہیں ہوتا وہ قبر کا سانپ ہوتا ہے یا جہنم کا انگارہ
دوستی ایک بہت پیارا انمول رشتہ ہے لیکن نامحرم سے دوستی نفس، ملمع کی ہوئی باتوں اور خواہشات کا دھوکہ ہے اور قطعاً حرام فعل ہے۔
اسلام میں عورت اور مرد کے درمیان دوستی نام کا کوئی رشتہ نہیں۔ نامحرم سے دُوستی شیطان سے دوستی کے مترادف ہے اور شیطان سے دوستی انسان کو جنت سے دور اور جہنم سے قریب کرتی ہے۔
الله تعالیٰ نے عورتوں کو تاکید کی ہے کہ غیر محرم سے کلام کرتے ہوئے لہجہ نرم نہ رکھیں کیونکہ جب عورت نرمی یا لچک دکھاتی ہے تو یہ بہت سی خرابیوں کا باعث بنتا ہے۔ غیر محرم کبھی آپ کی حفاظت نہیں کر سکتا وہ کبھی آپ کا مخلص نہیں ہو سکتا۔
غیر محرم غیر محرم ہی ہے چاہے معاملہ دینداری کا ہو یا دنیا داری کا۔`
علامہ آلوسی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: نامحرم مردوں کے ساتھ سخت لہجے میں بات کرنا عورت کی بہترین صفات میں شمار کیا گیا ہے، زمانہ جاہلیت میں بھی اور اسلام میں بھی!
📖 روح المعاني : ١٨٧/١١ ،
الله رب العزت نے سورہ نساء میں مومن عورتوں کی ایک صفت یہ بھی بتائی کہ وہ چھپے دوست نہیں بناتی تو چھپی دوستی سے مراد نامحرم کی دوستی ہے۔
آپ غور کریں جب الله پاک آپ کو اس طرح غیر محرم کی دوستی سے منع کر رہا ہے تو بیشک اس میں فائدہ ہی ہے۔ غیر محرم اگر اتنا مخلص ہوتا تو الله کبھی اس سے پردے کا حکم نہ دیتا اور عورت کو اتنے سخت لہجے کی تاکید نہ کرتا۔
غیر محرم جتنا بھی دیندار یا اعلی اخلاق ہو اُس کے لئے دل کے دروازے کھولنا ذلت اور رسوائی کا سبب بن سکتا ہے۔
محبت نکاح سے پہلے چاہے زم زم سے دھلی ہو یا قرآنی آیت سے دم کی گئی ہو.... گمراہی ہے، فریب ہے، دھوکہ ہے، حرام ہے۔
ایک لڑکی کے لئے معاشرے میں بدترین پہچان کسی نامحرم کی دوست (گرل فرینڈ) ہونا ہے۔ غیر محرم سے دوستی ایک ایسا فعل ہے۔ جس کا ارتکاب کرنے والا اپنی عزت کھو بیٹھتا ہے۔
غیر محرم سے تعلقات انسان کو اس دنیا میں بھی ذلیل کرتے ہیں اور آخرت میں بھی جب تمام مخفی اعمال سامنے لائے جائیں گے تو ایسی رسوائی ہوگی کہ کسی سے نظریں نہ ملا سکیں گے پھر تو پہاڑوں کے برابر کی گئی نیکیاں بھی ان پوشیدہ گناہوں کے سبب راکھ بن جائیں گی۔
یہ بات بہت حیران کن ہے کہ لال بیگ اور چھپکلی سے ڈرنے والی حساس لڑکیاں آخر ایک غیر محرم مرد سے کیوں اکیلے ملنے سے نہیں ڈرتی؟
حالانکہ چھپکلی اور لال بیگ نقصان نہیں پہنچاتے لیکن ایک غیر محرم آپ کی روح، آپ کے جسم، آپ کی پاکدامنی، آپ کی عزت، آپ کا حسب نسب، آپ کے والدین کا آپ پر اعتبار اور حتی کہ آپ کی آخرت بھی برباد کر سکتا ہے۔
یاد رکھئے گا کہ دوستی کا رشتہ گناہ نہیں ہے لیکن الله کی حدود کو پھلانگ کر غیر محرم سے دوستی گناہ ہے تو اس گناہ سے بچ جائیں